کراچی میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر شہریوں کا شدید احتجاج

2655659-loadshedingprotest-1719126000-210-640x480.jpg

کراچی: گرمی کی شدت کے ساتھ ساتھ شہر میں بجلی کا بحران بھی شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ، گزشتہ شب بھی شہر کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے۔

شہر میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی نے شہریوں کو احتجاجی مظاہروں پر مجبور کر دیا ، گزشتہ شب بفرزون اور نیو کراچی گودھرا چوک پر علاقہ مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا۔

مظاہرین کی جانب سے بفرزون نمک بینک شفیق موڑ کے قریب سہراب گوٹھ جانے اور آنے والے دونوں ٹریک پر دھرنا دے کر متعلقہ حکام کے خلاف نعرے لگائے اور فوری طور پر بجلی اور پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا جبکہ نیو کراچی گودھرا چوک کے قریب بھی بجلی اور پانی کے ستائے ہوئے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا.

ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جبکہ عام شہریوں کو بدترین ٹریفک جام کی صورتحال سے دوچار ہونا پڑ گیا تاہم پولیس نے مظاہرین سے بات چیت کے بعد پرامن طور پر منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا۔

بجلی کے ستائے غریب آباد کے رہائشیوں کا پیمانہ بھی لبریز ہوگیا۔ سیکٹروں کی تعداد میں علاقہ مکین سڑک پر نکل آئے اور رکاوٹیں رکھ کر ٹریفک معطل کرانے کے بعد پرانے ٹائر اور کچرا سڑک پر ڈال کر آگ لگا دی۔

رات بارہ بجے شروع کیا جانے والی احتجاجی مظاہرہ الصبح تک جاری رہا تاہم بجلی کی فراہمی بحال نہیں کی گئی۔ مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے زائد عرصہ سے دو گھنٹے کے لیے بجلی جاتی اور دو گھنٹے آتی تھی تاہم اب تو ان لوگوں نے حد ہی کر دی ہے۔ کئی کئی گھنٹوں کے لیے بجلی بند رہنے کے بعد کچھ دیر کے لیے کھولی جاتی ہے۔

علاقے کے لوگ ایک کمرے اور دو کمروں کے ہزاروں روپے بل ادا کرنے کے باوجود بجلی کی مسلسل فراہمی سے محروم ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ کراچی والوں کو بھی کشمیر کی طرح احتجاج کر کے 10 بیس لوگوں کی جان دینی پڑے گی اس کے بعد بل بھی صحیح بھیجے جائیں گے اور بجلی تواتر کے ساتھ فراہم کی جائے گی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی وجہ سے کراچی والوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ، گیس ، بجلی ، پانی اور ملازمتیں دھیرے دھیرے بند کی جا رہی ہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم علما سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جیسے کشمیر ، بوسنیا ، چیچنیا اور فلسطین کے مسلمانوں کے لیے ہر جمعہ میں دعائیں کراتے ہیں خدارا کراچی والوں کے لیے بھی اب باقاعدگی سے دعائیں کرائیں۔

واضح رہے ماڑی پور ، لیاری ، سٹی ریلوے کالونی ، نچھوڑ لائن ، لائنز ایریا ، لانڈھی کورنگی ، ملیر نارتھ کراچی ، نیوکراچی ، بفروزن ، سرجانی ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں ، کہیں سڑک بلاک کی جا رہی ہے تو کہیں جلاؤ گھیراؤ کیا جا رہا ہے تاہم مسائل جوں کے توں قائم ہیں۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے