ایران نے یورپی یونین کی پابندیوں کی سخت مذمت کی ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نا صر کنعانی نے ایران کی بعض شخصیات اور اداروں پر یورپی یونین کی نئی پابندیوں کی سخت مذمت کی ہے۔
ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ یورپی یونین نے ایک بار پھرغزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت اور اس کی تنبیہ کے بجائے اسلامی جمہوریہ ایران کے بعض حکام اور اداروں پر پابندی لگائی ہے جو دہشت گردی کے خلاف مہم اور علاقے میں پائیدار امن قائم کرنے میں موثر کردار ادا کررہا ہے اور سب سے آگے ہے۔
انھوں نے کہا کہ یورپی یونین نے گزشتہ مہینوں کے دوران غزہ میں انسانی المیے پر صیہونی حکومت کے مقابلے میں بے عملی کا ثبوت دیا ہے اور اسی بناپر پوری دنیا اور خود یورپ کے عوام کے شدید ترین تنقیدوں کی زد پر ہے۔
ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ کتنے افسوس کا مقام ہے کہ یورپی یونین جھوٹے، بے بنیاد اور کھوکھلے دعووں، الزامات اور بہانوں سے مغربی ایشیا کے زمینی حقائق سے چشم پوشی کررہی ہے اور اپنی شکست خوردہ اور ناکام پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ۔
انھوں نے کہا کہ یورپی یونین نے ایک بار پھر پابندیوں کے ناکام حربے کا سہارا لیا اور اپنے نیز یورپی اقوام کے مفادات پر امریکا اور صیہونی حکومت کی خوشنودی کو ترجیح دی ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسیاں جاری رکھنے پر زور دیا ہے اور یورپی یونین کے دوغلی روش پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران یورپی یونین کے تخریبی رویئے پر جواب کا اپنا حق محفوظ سمجھتاہے ۔