رفح پر حملے کا مطلب، غاصبوں کی طرف سے معاہدے کو ناکام بنانے کے علاوہ اور کچھ نہیں، حماس
اسلامی استقامتی تنظیم حماس نے منگل کے روز باضابطہ بیان جاری کرکے رفح شہر کے مشرقی علاقے پر صیہونی فوج کے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ جارحیت، جنگ بندی کے ممکنہ معاہدے کو ناکام بنانے کی غرض سے کی گئی ہے۔
حماس کے بیان میں آیا ہے کہ غاصب فوج نے رفح سرحدی گزرگاہ پر حملہ کرکے، عالمی قوانین کے تحت اپنی سرگرمیاں انجام دینے والے ایک گزرگاہ کو خطرے میں ڈالا ہے جس کا مقصد محض غزہ میں انسانی بحران میں شدت اور امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹ کھڑی کرنا ہے۔
حماس کے بیان میں درج ہے کہ یہ سفاکیت ثالثوں کی جنگ بندی کی تجویز پر حماس کی رضامندی کے فورا بعد کی گئی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ نتن یاہو اور ان کی انتہاپسند کابینہ اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لئے جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کی تمام کوششوں کو پاؤں تلے روندنا چاہتے ہیں۔
اس بیان میں آیا ہے کہ صیہونیوں کی سرپرست امریکی حکومت اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی جاتی ہے کہ رفح میں پناہ گزین غزہ کے لاکھوں شہریوں کی جان کی حفاظت کے لئے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔