مودی کے ہاتھوں متحدہ عرب امارات میں مندر کا افتتاح
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی آج یعنی 13 فروری کو متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو چکے ہیں۔ دیگر مصروفیات کے علاوہ وہ ابوظہبی میں 14 فروری کو (بی اے پی ایس ہندو) نامی مندر کا افتتاح بھی کریں گے جس کے بارے میں انڈیا بھر میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ عرب سرزمین پر پہلا ہندو مندر ہو گا، تاہم یہ دعویٰ حقیقت سے کافی دور ہے۔اس مندر کا پورا نام ’بوچاونواسی اکشر پروشوتم سوامی ناراین سنستھان‘ (بی اے پی ایس) مندر ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ آٹھ ماہ میں یہ وزیر اعظم نریندر مودی کا متحدہ عرب امارات کا ریکارڈ تیسرا دورہ ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ’اے این آئی‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں انڈیا کے سفیر سنجے سدھیر کا کہنا ہے کہ ’اگر آپ پچھلے نو سے دس سالوں پر نظر ڈالیں تو انڈیا اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات شاید سب سے زیادہ بدلے ہوئے رشتوں میں سے ایک ہیں، کیونکہ یہ رشتہ درحقیقت ہمارے رہنماؤں وزیر اعظم نریندر مودی اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے وژن اور ان کی رہنمائی میں پروان چڑھا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر آپ صرف گذشتہ آٹھ ماہ پر نظر ڈالیں تو یہ اُن (مودی) کا یو اے ای کا چوتھا دورہ ہو گا۔ اس عرصے میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان پہلے ہی دو بار انڈیا کا دورہ کر چکے ہیں۔ لہٰذا یہ ایک بہت ہی خاص رشتہ ہے جو پچھلے 19 برسوں سے مستقل بلندی کی جانب گامزن ہے۔‘
انڈین وزارت خارجہ کے مطابق آج سے شروع ہونے والے مودی کے دورہ یو اے ای کے دوران دونوں رہنما انڈیا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے بارے میں بات کریں گے اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس دوران انڈین وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کریں گے۔ شیخ محمد بن راشد وہاں کے وزیر اعظم اور وزیر دفاع بھی ہیں۔ ان کی دعوت پر وزیر اعظم مودی دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں مہمان خصوصی ہوں گے اور اس کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔
’اھلاً مودی‘
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی گذشتہ آٹھ ماہ میں تین مرتبہ دورہ یو اے ای کر چکے ہیںاس دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی متحدہ عرب امارات میں مقیم انڈین برادری کے لوگوں سے بھی ملاقات کریں گے۔اس پروگرام کو ’اھلاً مودی‘ یعنی خوش آمدید مودی کا نام دیا گیا ہے جو کہ کئی سال قبل امریکہ میں ہونے والے پروگرام ’ہاؤڈی مودی‘ کی یاد دلاتا ہے۔ اخبار ’دی ہندو‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ متحدہ عرب امارات میں آباد انڈین شہریوں کا سب سے بڑا پروگرام ہو گا جس سے مودی خطاب کریں گے۔
یہ تقریب مندر کے افتتاح سے قبل منگل کو ابوظہبی کے زید سپورٹس سٹی سٹیڈیم میں منعقد ہونا ہے۔ اس پروگرام میں شرکت کے لیے 60 ہزار سے زائد لوگ پہلے ہی رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ اس تقریب کی ترجمان نشا سنگھ نے ’دی ہندو‘ کو بتایا کہ آخری بار وزیراعظم مودی نے یو اے ای میں 2015 میں انڈین شہریوں کے ایک پروگرام سے خطاب کیا تھا۔اس کے بعد بھی مودی یو اے ای گئے ہیں لیکن اس دوران انھوں نے ایسے پروگرام میں ہندوستانی کمیونٹی سے ملاقات نہیں کی۔