گلگت: سرد موسم کے باوجود عوامی ایکشن کمیٹی کا مطالبات کے حق میں دھرنا 31 ویں روز بھی جاری
گلگت میں سخت سرد موسم کے باوجود عوامی ایکشن کمیٹی کا اپنے مطالبات کے حق میں 31 ویں روز بھی دھرنا جاری ہے۔دھرنے میں قائدین اور حکومت کے مابین مذاکرات ناکام ہوگئے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات پورے نہیں کیے جاتے دھرنا جاری رہے گا۔
دھرنے سے چیف کوآرڈینیٹر عوامی ایکشن کمیٹی احسان علی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل تمام 15 مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتےدھرنےختم نہیں کریں گے۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان فنانس ایکٹ 2023 کو فی الفور کالعدم قرار دیا جائے، آئینی حقوق سے محروم جی بی میں عائد تمام غیر قانونی ٹیکسز کا فوری خاتمہ کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق آج مزید علاقوں قافلے گلگت پہنچ کر مرکزی دھرنے میں شامل ہوجائیں گے۔