عمران خان کو اقتدار جاتا نظر آیا تو اس نے پاکستان پر حملہ کردیا، نواز شریف
ہارون آباد: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا عمران خان پھر کشکول لے کر پہنچ گیا۔
ہارون آباد، ضلع بہاولنگر میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مجھے نااہل کیا گیا لیکن آج سرخرو ہوکر عوام کے سامنے کھڑا ہوں، آپ کے نعرے سن کر میرا 5 کلو خون بڑھ گیا، کسانوں سے پوچھو نواز شریف کے دور میں ٹریکٹر کتنے کا تھا اور آج پوچھو کتنے کا ہے، میں نے لوڈ شیڈنگ ختم کی، سستی بجلی لے کر آیا، بتاؤ نوازشریف یاد آتا ہے کہ نہیں آتا۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل والو کار والو بس والو ٹرک والو نواز شریف کے دور میں تو پرول 60 روپے لیٹر تھا اور آج 250 روپے لیٹر ہے ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ آج آئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کے دور میں ملک میں کرپشن کا خاتمہ ہوچکا تھا، کیا نواز شریف یاد آتا ہے، ثاقب نثار بتاؤ جس کو عالمی دنیا کرپٹ ترین کہہ رہی ہے اس کو تم نے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ کیوں دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خداحافط کہا تھا اور ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا تھا، عمران خان پھر کشکول لے کر مانگنے نکل پڑا، دوسرے ملکوں سے مانگتے پھرتے تھے، انہوں نے پھر ملک کو بھیک مانگنے پر لگادیا، ہم ایٹمی دھماکے کرتے اور یہ شہدا کے مجسمے جلاتے اور ان کی بے حرمتی کرتے ہیں.
نواز شریف نے پوچھا کہ مجھے جیل میں کیوں ڈالا، جن ججز نے مجھے جیل ڈالا اور آج وہ مستعفی ہوکر گھر جارہے ہیں، انہیں پتہ ہے ان کے کرتوت برے ہیں، چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔