ایرانی وزیر خارجہ کی پاکستانی دفتر خارجہ آمد، جلیل عباس جیلانی سے ملاقات

339246-1000628555.jpg

پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کے لیے دفتر خارجہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

سوموار کو ایکس پر کی جانے والی ایک پوسٹ میں دفتر خارجہ پاکستان نے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے دفتر خارجہ پہنچنے کی تصاویر جاری کیں۔دفتر خارجہ کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے جانے والے بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ پاکستان ایران تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان پاکستان کے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر پاکستان پہنچے ہیں ایرانی وزیر خارجہ آج صبح اسلام آباد پہنچے تھے۔

دفتر خارجہ کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے استقبال کے لیے افغانستان اور مغربی ایشیا کے لیے ایڈیشنل فارن سیکرٹری رحیم حیات نور خان ایئربیس پر موجود تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کریں گے۔

اپنے دورہ پاکستان سے قبل ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اتوار کو کہا تھا کہ ’ایران اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ اچھا ہمسایہ ملک بن کر سلامتی کا مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ’ہم دشمنوں کو خطے میں دوستی، امن اور سلامتی کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

ان کا بیان ایسے وقت پر آیا جب ایک روز قبل (یعنی ہفتے کو) ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان کے شہر سراوان کے مضافاتی علاقے میں مسلح افراد نے کم از کم نو پاکستانی شہریوں کو قتل اور تین کو زخمی کر دیا۔دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدہ حالات میں ان کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اتوار کو عرب نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ ’وہ (ایرانی وزیر خارجہ) آج رات پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق وہ پاکستان کے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے