پاک ایران کشیدگی، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب

330691-1457121577.jpg

پاک ایران کشیدگی کے بعد صورتحال پر غور کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران سے کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنا دورہ ڈیوس مختصر کرکے آج وطن واپس پہنچیں گے۔

اس حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں آرمی چیف سمیت دیگر سروسز چیف شریک ہوں گے، اجلاس میں خفیہ اداروں کے حکام بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں پاک ایران کشیدگی پر بریفنگ دی جائے گی، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر فیصلے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ایران نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کے علاقے پنگجور میں ایک چھوٹے سے گاؤں پر میزائل حملے کیے جس میں 2 بچیاں شہید اور 3 زخمی ہوگئیں۔

پاکستان نے گزشتہ صبح ایران کے حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے سیستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی سیستان میں پاکستانی فورسز کے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملوں میں ہلاک ہونے والے ایرانی شہری نہیں ہیں۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے