اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی، حماس نے یرغمالیوں کی رہائی مؤخر کردی
روشلم: حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے دوسرے روز فلسطینی قیدیوں اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔
فلسطینی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جنگ بندی معاہدے کے باوجود شمالی غزہ کے بعض مقامات پر چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے گولہ باری کی جبکہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں چھاپے کے دوران بھی اسرائیلی فوج نے 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا ہے اور جیل کے باہر صیہونی فوج کی فائرنگ سے ایک اور 17 سالہ فلسطینی نوجوان زخمی ہوا ہے۔
ہلال احمر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے اوفر جیل کے باہر قیدیوں کے دوسرے دور کی رہائی کے منتظر لوگوں پر سیدھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 17 سالہ نوجوان زخمی ہوا۔
حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی مشروط کردی
حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے مزید اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کو شمالی غزہ میں امدادی ٹرکوں کے داخلے سے مشروط کردیا۔ اسرائیلی میڈیا نے یہ بھی بتایا کہ دوسرے روز حماس نے یرغمال بنائے گئے اسرائیل سے تعلق رکھنے والے 13 یرغمالیوں کو ریڈکراس کے حوالے کردیا ہے۔