عالمی عدالت انصاف: اسرائیل کے خلاف ’نسل کشی‘ کے مقدمے کی سماعت کا دوسرا روز

335931-2110216363.jpeg

عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کی جانب سے دائر مقدمے میں غزہ میں ’نسل کشی‘ کے ارتکاب کے الزامات پر اسرائیل اپنے دلائل آج (بروز جمعہ) پیش کر رہا ہے۔

جنوبی افریقہ نے نیدرلینڈز کے شہر دا ہیگ میں قائم بین الاقوامی عدالت انصاف میں ایک ہنگامی مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں کہا گیا کہ اسرائیل غزہ میں اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

اس مقدمے میں جنوبی افریقہ کا مطالبہ ہے کہ جج اسرائیل کو غزہ میں جاری جارحیت کو فوری طور پر روکنے کے لیے مجبور کریں، جس کے دوران 23 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کی اموات ہو چکی ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

اسرائیل اور اس کے اتحادی امریکہ نے اس مقدمے کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا ہے اور عالمی عدالت میں مضبوط دفاع کا عزم کیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے سماعت کے بارے میں کہا کہ ’جنوبی افریقہ کو یہ جان لینا چاہیے کہ یہ ہم نہیں ہیں، جو نسل کشی کا ارتکاب کر رہے ہیں بلکہ یہ حماس ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اپنی دفاعی جنگ جاری رکھیں گے۔‘

ادھر واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ جنوبی افریقہ کا اسرائیل کے خلاف کیس بے بنیاد ہے۔

ملر نے کہا: ’حقیقت میں یہ (نسل کشی کرنے والے) وہ لوگ ہیں، جو اسرائیل پر پُرتشدد حملے کر رہے ہیں جو کھلے عام اسرائیل کے خاتمے اور یہودیوں کے قتل عام کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔‘

اس سے قبل عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کی طرف سے اسرائیل کے خلاف ’غزہ میں نسل کشی‘ کے مقدمے کی سماعت کا آغاز جمعرات کو ہوا اور ابتدا میں جنوبی افریقہ کے نمائندوں کو موقع فراہم کیا گیا کہ وہ اس معاملے پر اپنے دلائل دیں۔
جنوبی افریقہ نے جمعرات کو عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل پر اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کی سات اکتوبر کی کارروائی بھی فلسطینیوں کی نسل کشی کا جواز پیش نہیں کر سکتی۔

جنوبی افریقہ کے وزیر انصاف رونالڈ لامولا نے کہا: ’کسی ریاستی علاقے پر کوئی مسلح حملہ چاہے کتنا ہی سنگین کیوں نہ ہو، کنونشن کی خلاف ورزیوں کا جواز فراہم کر سکتا ہے اور نہ ہی اس کا دفاع کیا جا سکتا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’سات اکتوبر کے حملے پر اسرائیل کا ردعمل اس حد کو پار کر گیا ہے جس سے نسل کشی کے حوالے سے کنونشن کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

جنوبی افریقہ کی وکیل عدیلہ ہاسم نے اپنے دلائل میں کہا کہ اسرائیل کی بمباری مہم کا مقصد ’فلسطینیوں کی زندگی کو تباہ کرنا‘ ہے اور اس نے فلسطینیوں کو ’قحط کے دہانے پر‘ دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’نسل کشی کا کبھی پیشگی اعلان نہیں کیا جاتا لیکن اس عدالت کے پاس گذشتہ 13 ہفتوں کے شواہد موجود ہیں، جو (اسرائیل کے) طرز عمل اور اس کے ارادے کو ظاہر کرتے ہیں اور جو نسل کشی کی کارروائیوں کے معقول دعوے کو درست ثابت کرتے ہیں۔‘

بین الاقوامی عدالت انصاف ممکنہ طور پر جنوبی افریقہ کی درخواست پر چند ہفتوں کے اندر فیصلہ دے گا۔ اس کے احکام حتمی اور قانونی ہیں لیکن اس کے پاس ان کو نافذ کرنے کی طاقت نہیں ہے۔

یوکرین پر روس کے حملے کے ایک ماہ بعد بھی عالمی عدالت انصاف نے فوجی آپریشن کو روکنے کا حکم دیا تھا، جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے