اسرائیلی بمباری میں ایک اور صحافی شہید؛ مجموعی تعداد 101 ہوگئی

2581958-journalistkilledingazabyisrael-1703420879-477-640x480.jpg

تل ابيب: غزہ میں اسرائیلی بمباری میں ایک اور صحافی جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد 7 اکتوبر سے جاری جارحیت میں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 101 ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کے حکومتی میڈیا نے کہا کہ اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے احمد جمال المدھون الرائے نیوز ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر تھے۔

اسرائیلی فوج نے صحافی احمد جمال المدھون کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری اسرائیلی بمباری کی کوریج کے لیے متاثرہ علاقے میں اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔

گزشتہ روز بھی غزہ میں ایک فلسطینی صحافی محمد ابو ہوائیدے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری فضائی بمباری میں اب تک 50 سے زائد میڈیا ہاؤسز مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوچکے ہیں جب کہ 101 صحافی شہید ہوگئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

دنیا کو غزہ میں کھیلے جانے والی خون کی ہولی سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرنے کی کوششوں کے دوران جان کی بازی ہار جانے والے صحافیوں میں سے 4 کا تعلق اسرائیل اور 3 کا لبنان سے ہے جب کہ بقیہ فلسطینی ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق غزہ میں 25 سے زائد صحافیوں کو حراست میں لیا گیا ہے جب کہ 3 لاپتا اور 20 کے قریب زخمی ہیں۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے