پیپلز پارٹی اور کرپشن کا چولی دامن کا ساتھ ہے، منعم ظفر خان

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور کرپشن کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ سب سے زیادہ ٹیکس جمع کروانے کے باوجود کراچی کے ساتھ دشمن رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں کے فور منصوبہ میں صرف 3.2 ارب روپے رکھے گئے جبکہ 40 ارب روپے کی ضرورت تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میئر مرتضیٰ وہاب جواب دیں کہ نالوں کی صفائی کیوں نہیں کروائی گئی، واٹر بورڈ میں کرپشن کا ایک دھندا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں باعزت ٹرانسپورٹ موجود نہیں ہے اور گزشتہ دو ماہ میں 52 ہزار سے زائد چالان کیے گئے ہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ غلام نبی میمن اعلان کررہے ہیں کہ اگر جرمانہ ادا نہیں کیا گیا تو ڈبل کردیا جائے گا، اگر 90 دن میں جرمانہ ادا نہیں کیا تو لائسنس منسوخ کردیا جائے گا اور 180 دنوں میں جرمانہ ادا نہیں کیا تو شناختی کارڈ بلاک کردیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 5 ماہ میں 120 افراد ہیوی ٹریفک کے حادثات پر انتقال کر گئے ہیں، نادرن بائی پاس پر ہیوی ٹریفک کو ڈائیورٹ کرنا تھا وہ نہیں کیا گیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہر میں کسی بھی موٹر سائیکل سوار کے ساتھ کی جانے والی زیادتی کے خلاف جماعت اسلامی آواز اٹھائے گی اور مقدمہ لڑے گی۔