سندھ کا بجٹ عوامی زندگی کو بہتر بنانے کا ایک وژن ہے، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا ترقیاتی بجٹ صرف رقم کی تقسیم نہیں، سندھ کا بجٹ عوامی زندگی کو بہتر بنانے کا ایک وژن ہے۔ ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کا تسلسل ہے، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور دیگر شہروں کے لیے 7.7 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بہتری، پانی، تعلیم اور صحت کے منصوبے مکمل کریں گے، کورنگی کاز وے پل، شاہراہِ بھٹو کی توسیع اور سیف سٹی منصوبہ ترجیحات ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں پانی کی فراہمی اور نکاس آب کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں، حب کینال کی بحالی کے لیے3.1 ارب جبکہ شہداد کوٹ واٹر سپلائی کے لیے 2 ارب روپے رکھے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں سمندری پانی کو میٹھا بنانے والا پلانٹ بھی مکمل کیا جائے گا، سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر جاری ہے، مالکانہ حقوق خواتین کو دے کر انہیں بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی امداد اور بحالی کے لیے 21.7 ارب روپے رکھے گئے ہیں، کل 3642 منصوبوں میں سے 3161 جاری اسکیمیں اور 481 نئی اسکیمیں شامل ہیں، 119.5 ارب روپے خصوصی ترقیاتی اقدامات کے لیے رکھے گئے۔