حکومت سندھ کا پبلک فنڈز سے وائس چانسلرز کو بیرون ملک دورہ کرانے کی ترغیب کا سخت نوٹس

حکومت سندھ نے وفاقی ایچ ای سی کی جانب سے پبلک فنڈز سے وائس چانسلرز کو بیرون ملک دورہ کرانے کی ترغیب دینے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں سندھ کی تمام سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز/ریکٹرز کے نام ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں پبلک فنڈز سے بیرون ملک سفر نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اگر ایسا کوئی معاملہ رپورٹ ہوا تو اس خیال باقاعدہ اطلاع کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ سندھ کو دی جائے گی۔ وائس چانسلر کے نام یہ خط بدھ کی دوپہر سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ ایچ ای سی کی جانب سے جاری کیے گئے خط میں وائس چانسلرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا یے کہ پریس رپورٹس کے ذریعے یہ بات ہماری توجہ میں آئی ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے پاکستان بھر کی پبلک سیکٹر جامعات کے وائس چانسلرز اور ریکٹرز کو جون 2025ء کے آخری ہفتے میں مراکش کے شہر رباط میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کیلئے مدعو کیا ہے۔
اگرچہ یہ کمیشن بین الاقوامی تعلیمی مباحثوں کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے، تاہم اس عمل کو سندھ میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کو درپیش موجودہ مالیاتی چیلنجوں کے مقابلے میں دیکھنا ہوگا جانا چاہیے۔ اور وائس چانسلرز اس امر سے بخوبی واقف ہیں کہ صوبے کی بہت سی سرکاری جامعات اس وقت مالی مشکلات سے دوچار ہیں، جس کے سبب ان جامعات میں تنخواہوں و پنشن کی ادائیگیاں اور روزمرہ کے امور چلانا بھی مشکل ہو رہا ہے، جبکہ بعض اعلیٰ تعلیمی اداروں نے ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے قرضوں کا سہارا بھی لیا ہے۔ جبکہ حکومت سندھ صوبے کی سرکاری جامعات کو ان کی بنیادی تعلیمی، تحقیقی اور آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر سالانہ گرانٹ دے رہی ہے، تاہم یہ فنڈز صوابدیدی یا غیر ضروری اخراجات جیسے بین الاقوامی سفر کیلئے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہے، جب تک کہ غیر معمولی صورتحال میں اس کی منظوری نہ لی گئی ہو۔
خط میں مزید کہا گیا یے کہ مروجہ پالیسی کے مطابق حکومت سندھ کا یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ اپنی جانب سے عموماً جاری کردہ غیر ملکی دوروں کیلئے چھٹی کے نوٹیفکیشنز میں معمول کے مطابق لکھتا ہے کہ” ایسے دوروں کے اخراجات حکومت سندھ یا یونیورسٹی کے فنڈز سے نہیں ہونگے، لہٰذا اس تمام صورتحال کے تناظر میں سندھ میں تمام پبلک سیکٹر جامعات کے وائس چانسلرز کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ یونیورسٹی کے فنڈز کو غیر ملکی سفر کیلئے استعمال نہ کریں، جب تک کہ خصوصی طور پر منظوری نہ دی جائے، اگر کوئی وائس چانسلر شرکت پر غور کرتا ہے تو اسے سیلف فنانس کی بنیاد پر ہونا چاہیے یا ایچ ای سی اسلام آباد کی طرف سے فنڈز فراہم کیے جائیں۔ مذکورہ ہدایات کی خلاف ورزی کی اطلاع وزیراعلیٰ سندھ کو مناسب کارروائی کیلئے دی جا سکتی ہے۔