گلگت بلتستان کے تمام اساتذہ کی سکروٹنی اور سروس ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا حکم

محکمہ تعلیم گلگت بلتستان نے تمام اضلاع کے اساتذہ کی سکروٹنی کا حکم دیدیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کی ابتدائی تقرری کے وقت اور سنیارٹی لسٹوں کی فوری تصدیق کا حکم دیدیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل سکول ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ 20 دن کے اندر ڈویژنل سطح پر تصدیقی کمیٹیاں تشکیل دیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان کمیٹیوں کو دو کلیدی کام سونپے گئے ہیں جس کے مطابق تمام اساتذہ کی تقرری کے وقت درج عمر کا سروس بک، قومی شناختی کارڈ، میٹرک سرٹیفکیٹ اور تقرری آرڈرز سے موازنہ کیا جائے گا۔ عمر چھپانے یا دستاویزی تضاد کی صورت میں غیر معمولی کارروائی گی۔ ترقیوں اور مراعات پر اثرانداز ہونے والی غیرمجاز تبدیلیوں یا غلطیوں کی نشاندہی کی جائے گی، جبکہ تمام معلومات کا دستاویزی ثبوت طلب کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن میں اس عمل کو "انتہائی فوری اور انتظامی ترجیح” قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ رپورٹ 20 جون 2025ء تک سیکرٹریٹ کو پیش کرنی ہوگی۔ ڈپٹی سیکرٹری کُمیل عباس کے دستخط کردہ احکامات میں زور دیا گیا ہے کہ یہ اقدام سرکاری تقرریوں میں شفافیت، میرٹ اور قانونی پابندیوں کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔