بھارت نے اپنے کٹھ پتلی دہشت گردوں کےذریعے بلوچستان میں بچوں کو نشانہ بنایا، علی رضا سید

n01210264-b.jpg

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں بھارت نواز دہشت گردوں کے حملے میں اسکول کے معصوم بچوں کا قتل عام قابلِ مذمت ہے۔ علی رضا سید نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے اپنے کٹھ پتلی دہشت گردوں کے ذریعے بلوچستان میں اسکول کے معصوم اور نہتے بچوں کو نشانہ بنایا۔ یہ بھارتی سفاکی اور بزدلی کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میدان جنگ میں شکست کھانے کے بعد بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔ علی رضا سید نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں حالیہ بھارتی حملوں میں بھی بچوں و خواتین سمیت متعدد افراد شہید ہوئے۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مزید کہا کہ بھارت نے پہلگام حملے کی آڑ میں بھی مقبوضہ کشمیر میں بچوں اور خواتین پر ظلم و ستم کیا انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو غیر انسانی بھارتی ظالمانہ ہتھکنڈوں پر فوری نوٹس لینا چاہیے۔ علی رضا سید کا کہنا تھا کہ اقوام عالم کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم روکوانا ہوں گے، عالمی طاقتیں کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوائیں۔ واضح رہے کہ خضدار میں بدھ کو اسکول بس پر دہشت گردانہ حملے میں 4 بچوں سمیت 6 افراد شہید ہوئے اور چالیس سے زائد بچے زخمی ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے