پاکستان اور بھارت کے درمیان مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا

پاکستان اور بھارت کے درمیان فوری جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور انڈیا کے سیکرٹری خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان فوری جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں فوری اور مستقل جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور انڈیا فوری اور مکمل جنگ بندی کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔ امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر یہ اعلان کیا جس کا سکرین شاٹ انھوں نے بعد میں ایکس پر بھی پوسٹ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں دونوں ممالک کو ذہانت اور تدبر کا مظاہرے کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ادھر امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے بھی ایک ٹویٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ ’وانس اور میں نے سینیئر انڈین اور پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی ہے جن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور شہباز شریف، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، چیف آف آرمی سٹاف عاصم منیر، اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور عاصم ملک شامل ہیں۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ انڈیا اور پاکستان کی حکومتوں نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے اور ایک غیر جانبدار مقام پر وسیع مسائل پر بات چیت شروع کر دی ہے۔
دریں اثناء پاکستان کے وزیرِ خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور سلامتی کے لیے کوشاں رہا ہے اور اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انھوں نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی بھی چیز کا حل نہیں ہوتی۔ آج دن ساڑھے چار بجے سے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ دوسری جانب انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے آج دن کے تین بج کر 35 منٹ پر انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن سے بات کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان انڈیا کے وقت کے مطابق پانچ بجے سے زمین، فضا، اور سمندر میں مکمل جنگ بندی ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 12 مئی کو دن 12 بجے ( انڈین وقت کے مطابق) دوبارہ بات ہو گی۔