اسرائیل کو تسلیم کرنے کی جرأت ہوئی تو اینٹ سے اینٹ بجادیں گے، عبدالغفور حیدری

سیکرٹری جنرل جے یو آئی (ف) مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ کسی نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی جرأت کی تو اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔ صوبائی دارالحکومت کے تاریخی مینار پاکستان پر "قومی کانفرنس اسرائیل مردہ باد” سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ صہیونی فورسز کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کو گاجر، مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے 10 صحافیوں نےخفیہ طور پر اسرائیل کا دورہ کیا، ملک کی موجودہ شو پیس قیادت اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے بہانے تلاش کر رہی ہے، پوری قوم فلسطینیوں کےساتھ کھڑی ہے۔ سیکرٹری جنرل جے یوآئی (ف) کا مزید کہنا تھا کہ ہم حلف اٹھاتے ہیں اگر تم نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی جرأت کی تو اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، آج کا اجتماع پوری دنیا کے لیے پیغام ہے۔