مغربی کنارے کے شمال میں جھڑپوں سلسلہ جاری، مزید 2 فلسطینیوں کی شہادت
شمالی غرب اردن میں میں فلسطینی مزاحمت اور غاصب صیہونی حکومت کی فوج کے درمیان شدید جھڑپوں کے جاری رہنے اور طولکرم کے مشرقی علاقے ذنابہ میں 2 فلسطینی نوجوانوں کی شہادت کی خبر ہے۔
غاصب صیہونی فوجیوں نے مغربی کنارے کے شمال میں واقع طولکرم کے علاقے مشرقی ذنابہ میں ایک گھر کو گھیرے میں لے کر 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
در ايں اثنا فلسطینی مجاہدوں نے مغربی کنارے کے شمال میں واقع طولکرم کیمپ میں صہیونی فوجیوں کودیسی بموں سے نشانہ بنایا۔
فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک کی عسکری شاخ القدس بریگیڈ سے وابستہ طولکرم بریگیڈ نے بھی طولکرم کیمپ کے حارہ الحمام علاقے میں صیہونی فوجیوں کے ساتھ شدید جھڑپوں کی خبر دی اور مزید بتایا ہے کہ انہوں نے بھی صیہونی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔
اس کے علاوہ فلسطینی مجاہدوں نے مغربی کنارے کے شمال میں برقین اور جنین کو جوڑنے والی سڑک کو بند کر دیا اور غاصب صیہونی حکومت کے بلڈوزروں پر فائرنگ کی۔
واضح رہے آج مسلسل ساتویں روز بھی صیہونی حکومت کی غاصب فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں بالخصوص "جنین” کیمپ پر حملہ کرکے کئی مکانات کو تباہ کیا اور فلسطینیوں کو شہید کیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق حالیہ دنوں میں غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے حملوں کے دوران 30 فلسطینی شہید اور 130 زخمی ہو گئے۔