امریکا کا خدیجہ شاہ پر سفری پابندیوں کے خاتمے کیلئے پاکستان سے رابطہ
امریکا نے 9 مئی کیسز میں ملوث معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ پر سفری پابندیوں کے خاتمے کے لیے پاکستان سے رابطہ کرلیا ہے۔امریکی سفارت خانے نے خدیجہ شاہ کے مقدمے میں پاکستانی حکام سے روابط کی تصدیق کردی ہے۔امریکی سفارت خانے کے مطابق امریکا کے لیے اس کے شہریوں کی سیکیورٹی اور تحفظ سب سے اہم ہے، شروع سے خدیجہ شاہ کا مقدمہ پاکستانی قانون کے مطابق چلانے پر زور دے رہے ہیں۔امریکی سفارت خانے کا مزید کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ تک پانچ بار قونصلر رسائی حاصل کرچکے ہیں، جبکہ واضح کیا ہے کہ مقدمے کی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔
یاد رہے کہ خدیجہ شاہ نے 9 مئی ہنگامہ آرائی کے الزامات میں 23 مئی 2023 کو خود کو لاہور پولیس کے حوالے کردیا تھا، وہ کئی ماہ تک جیل میں قید رہیں اور سماعت کے لیے عدالت میں بھی پیش ہوتی رہیں آخر کار دسمبر 2023 میں کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا تھا۔پولیس کا دعویٰ تھا کہ وہ 9 مئی کو کور کمانڈر ہاؤس لاہور پر ہونے والے حملوں کے لیے اکسانے والے افراد میں سرفہرست تھیں اور انہیں دہشت گردی اور دیگر الزامات کے تحت سرور روڈ پولیس میں درج ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ 9 مئی کے مظاہروں کے نتیجے میں ملک بھر میں پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنوں اور حامیوں کی گرفتاریاں ہوئی تھیں، جبکہ کئی رہنماؤں نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔