ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ” پاکستان اور انڈیا ” آج ٹکرائیں گے
امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سب سے بڑے ٹاکرے میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے، قومی ٹیم کو میگا ایونٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے آج کا میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاک – بھارت ٹاکرا ہونے جارہا ہے، جس کا انتظار ایونٹ کے آغاز سے ہی دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو ہے اور امریکا میں موجود پاکستان اور بھارتی شہری اس میچ کو دیکھنے کے لیے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔
پاکستان، ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ایک اور شکست کا متحمل نہیں ہوسکتا کیوں کہ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بابراعظم الیون کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے اور بھارت کے خلاف ہار کی صورت میں میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کے آگے جانے کے امکانات تقریباً ختم ہوجائیں گے۔امریکی کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ہمیشہ کی طرح اگر مگر کی صورتحال سے دوچار ہوچکا ہے اور اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو بھارت سمیت، کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف بھی جیت کو یقینی بنانا ہوگا۔
پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھنے کے لیے آج لازمی فتح درکار ہے، گروپ اے میں امریکا دو میچز جیت کر پہلی پوزیشن پر ہے اور بھارت آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔تاہم، پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھارت کے خلاف کم بیک کے لیے پرامید ہیں کہ قومی ٹیم آج بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو آج کے میچ کی اہمیت کا اندازہ ہے اور وہ پچھلا میچ بھلاکر اس پر فوکس کریں گے۔