وزیراعظم پاکستان اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو

442040_8068876_updates

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں وزیراعظم نے سعودی عرب پرحوثیوں کے حملوں کی مذمت کی۔

وزیر اعظم پاکستان آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کے شہری واقتصادی بنیادی ڈھانچے کونشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حوثیوں کی کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، یہ کارروائیاں عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈمارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم کے ہمراہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت اور خطے میں امن و استحکام کےلیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

یاد رہے یمن کے خلاف سعودی عرب کی جانب سے یک جانبہ جنگ شروع کرنے کے بعد سے دونوں ممالک میں شدید جھڑپیں رپورٹ ہو چکی ہیں جبکہ یمن کا کہنا ہے کہ جب تک سعودی عرب کی جانب سے یمن کی فضاٗی ناکہ بندی ختم نہیں کی جاتی یمن سعودی عرب کے بحری جہازوں کا نشانہ بناتا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے