ترجمان سپاہ: امریکا اس علاقے میں باقی نہیں رہ سکتا

173097684

سپاہ پاسداران کے ترجمان نے کہا ہے کہ  آبنائے ہرمز پوری طرح ایران کے کنٹرول میں ہے اور جنگ کے انجام اورنئے عالمی نظام میں اس کا کردار فیصلہ کن ہے

سپاہ کے ترجمان بریگیڈیئر حسین محبی نے اراک میں، مرکزی صوبے کے صحافیوں کی قدردانی کے لئے منعقدہ نشست کے موقع پر ارنا کے نامہ نگار کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ آبنائے ہرمز پر اسلامی جمہوریہ ایران کا مکمل کنٹرول اور تسلط ثابت شدہ ہے۔

 انھوں نے کہا کہ ںگرانی اور دشمن کے بحری جہازوں اور دیگر فلوٹنگ وسائل کا پتہ لگانے اور انہیں نشانہ بنانے میں ہماری مسلح افواج اپنی صلاحیت اور توانائی دنیا کو دکھا چکی ہیں۔

سپاہ کے ترجمان نے کہا کہ آبنائے ہرمز صرف ایک بحری راستہ ہی نہیں ہے بلکہ عالمی نظام اور جنگ کے انجام کے تعین میں اس کا کردار فیصلہ کن ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران، اس پر اپنے کنٹرول میں، فوجی طاقت نیز آپریشنل اور اسلحہ جاتی توانائیوں سے بہت اچھی طرح کام لے رہا ہے۔  

بریگیڈیئر حسین محبی نے خلیج فارس میں امریکا کے جنگی جہازوں کی تعداد کم ہوجانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگ شروع ہونے سے پہلے علاقے میں امریکا کے 30 سے 40 جنگی بحری جہاز موجود تھے لیکن اب  ان کی یہ صف نظر نہيں آتی اور اکثر امریکی جنگی جہاز ایران کے ساحلوں سے سیکڑوں میل دور جاچکے ہیں۔   

  انھوں نے کہا کہ علاقے میں امریکا کی فوجی طاقت ٹوٹ چکی ہے  اور اس کا تعلق صرف فوجیوں ، جنگی وسائل اور جنگی جہازوں  سے ہی نہيں ہے بلکہ علاقے میں امریکی فوجیوں کے حوصلے بھی پست ہوچکے ہیں اور وہ نفسیاتی لحاظ سے بھی ٹوٹ چکے ہیں اور اس صورتحال کا جاری رہنا امریکا کو بہت مہنگا پڑے گا۔  

 سپاہ کے ترجمان نے کہا کہ سمندر میں کارروائیوں اور فوجیوں کو رکھنے کے لئے بہت زیادہ وسائل اور لاجسٹک سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے جس پر بہت زیادہ اخراجات آتے ہیں اور شواہد بتاتے ہیں کہ امریکا اتنے زیادہ اخراجات وسائل کی تباہی برداشت نہیں کرسکتا۔

 انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہر جارحیت اور خطرے کے مقابلے کے لئے مختلف تدابیراور اقدامات کی تیاری کررکھی ہے جن پر حالات کے مد نظر عمل کیا جائے گا۔

 بریگیڈیئر محبی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران وسیع اسٹریٹیجک توانائیوں کا مالک ہے اور اس کی مسلح افواج بہت توانا اور طاقتور ہیں جو دشمن کو اس کے اہداف میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گی اور ہر جارحیت کا بہت محکم جواب دیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے