کسی بھی ممکنہ خطرے کے لیے پوری طرح تیار : جہانشاہی
سرحدی علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں: بری فوج کا اعلان
ایران کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی جہانشاہی : ہمارے جوان اپنے مشن کی انجام دھی کے ساتھ ساتھ سرحدی علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کامقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی جہانشاہی نے ملک کے مغربی سرحدی یونٹوں اور 35 ویں اسپیشل فورس بریگیڈ کے دورے کے موقع پر ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنائے جانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ فوج کے زمینی دستے ملک کی آزادی، سلامتی اور ارضی سالمیت کے تحفظ کے لیے تمام سرحدوں پر تعینات ہیں اور کسی بھی خطرے، جارحیت اور زمینی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل جہان شاہی نے اسپیشل برگيڈ کی اہمیت اور "مختلف خطرات اور آپریشنل حالات کے لیے موزوں، خصوصی دستوں کی جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے اور بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپیشل فورسز کے یونٹوں کا مشن تیز رفتار ردعمل، اعلیٰ نقل و حرکت، آپریشن انجام دینے کی صلاحیت اور ہرقسم کے آپریشن کے لیے خود تیار رکھنے پر استوار ہے۔