ایران جارحیت برداشت نہیں کرے گا
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی جنرل اسٹاف کمیٹی اور خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکواٹر نے اعلان کیا ہے کہ جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی چاہے جہاں سے بھی کی جائے
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی جنرل اسٹاف کمیٹی اور خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جارح امریکی فوج کے لئے اس علاقے سے جانے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔
پیرکی رات جاری ہونے والے، ایران کی مسلح افواج کی جنرل اسٹاف کمیٹی اور خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکواٹر کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ علاقے کے بعض ملکوں نے سرکاری طور پر اعلان کیا تھا کہ امریکی فوج کو ایران کے خلاف جارحیت کے لئے اپنی زمینی اور فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے لیکن دہشت گرد امریکی فوج نے مذکورہ ملکوں کی زمینی اور فضائی حدود سے ایران کے فوجی مراکز پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
ایران کی مسلح افواج کی جنرل اسٹاف کمیٹی اور خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکواٹر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جیسا کہ ہم نے اب تک اپنے عمل سے ثابت کیا ہے، ہم اپنے پڑوسیوں کے قومی اقتدار اعلی کا احترام کرتے ہیں لیکن کسی بھی قسم کی جارحیت برداشت نہیں کریں گے اور ہر جارحیت کا سخت ترین جواب دیں گے جس کا ایک نمونہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج اور پاسداران انقلاب کا تازہ جوابی آپریشن ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جارح امریکی فوج کے پاس علاقے سے نکل جانے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہيں ہے اور ایران پر حملے کے لئے جارح امریکا کو سہولتیں فراہم کرنے والے جان لیں کہ جس جگہ سے جارحیت ہوگی، ہماری مسلح افواج اس کو تباہ کن حملوں کا نشانہ بنائیں گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی جنرل اسٹاف کمیٹی اور خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکواٹر نے اپنے مشترکہ بیان میں خبردار کیا ہے کہ تم بارہا، ہماری طاقتور اور پائیدار مسلح افواج اور دلیر عوام کو آزما چکے ہو دوبارہ آزمانے کی کوشش نہ کرو۔