امریکی تاریخ کا کرپٹ ترین صدر
امریکی سینیٹر نے ٹرمپ کو امریکی تاریخ کا کرپٹ ترین صدر قرار دے دیا
اگر پٹرول کی قیمت کم کرنی ہے تو ایران کے خلاف جنگ ختم کرنا ہوگی، الزبتھ وارن
امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر الزبتھ وارن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی تاریخ کا ’سب سے کرپٹ صدر‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ سے ٹرمپ کے قریب سمجھی جانے والی بڑی تیل کمپنیوں کو غیر معمولی منافع حاصل ہورہا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق الزبتھ وارن نے میساچوسٹس میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کی ایران کے خلاف جنگی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
وارن نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ کے قریبی سمجھے جانے والے بعض تیل کاروباری افراد نے ان کی انتخابی مہم کے لیے بڑی رقوم عطیہ کیں اور اب ایران جنگ کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں اور مارکیٹ میں پیدا ہونے والی صورتحال سے تیل کمپنیوں کو فائدہ ہورہا ہے۔
امریکی سینیٹر نے کہا کہ ایسے حالات میں عوام کا کام ہے کہ وہ اس صورتحال کی نشاندہی کریں اور اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔
الزبتھ وارن نے امریکی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر پٹرول کی قیمت کم کرنی ہے تو ایران کے خلاف جنگ ختم کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق جنگ کا خاتمہ ہی توانائی کی قیمتوں میں کمی کی جانب اہم قدم ہوسکتا ہے۔
وارن کی جانب سے یہ تنقید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران جنگ کے باعث عالمی توانائی کی منڈی میں تیل کی قیمتیں اور سپلائی کے خدشات اہم موضوع بنے ہوئے ہیں۔
ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی اور اس کے نتیجے میں تیل کی عالمی ترسیل پر پڑنے والے ممکنہ اثرات امریکا میں بھی سیاسی بحث کا حصہ بن گئے ہیں۔ ڈیموکریٹ سینیٹر کی تازہ تنقید سے ٹرمپ انتظامیہ کی ایران پالیسی پر داخلی سیاسی اختلافات مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔