کراچی ملک کا انتہائی اہم شہر ہے اسے تھریٹس موجود ہیں، وزیر داخلہ سندھ
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے رئیس گوٹھ سے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے دوران سیکیورٹی ایجنسیز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ مختلف چینلز پر آڈیو بیپرز دیتے ہوئے ضیاء الحسن لنجار نے بتایا کہ سی ٹی ڈی/سیکیورٹی ایجنسیز کے ہاتھوں پہلے ایک دہشتگرد گرفتار کیا گیا تھا، جس کی نشاندہی پر اس کے مزید دو ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، اگرچہ دہشتگردوں کا پورا نیٹ ورک تاحال مکمل طور پر قانون کی گرفت میں نہیں آیا، تاہم جس طرح ہماری انٹیلیجنس ایجنسیاں، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کام کر رہی ہیں، اس سے یہ امید پیدا ہو چکی ہے کہ بہت جلد اس نیٹ ورک کے تمام کارندے گرفتار کر لیے جائیں گے۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ کراچی ائیرپورٹ پر چائنیز شہریوں کے افسوسناک واقعے کے بعد سے تمام سیکیورٹی اور انٹیلیجنس ادارے ہائی الرٹ ہیں اور مختلف اوقات میں دہشتگرد عناصر کی کمر توڑنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، اسی تسلسل میں بلوچستان میں بھی سیکیورٹی ادارے، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور آئی بی دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ طور پر برسرپیکار ہیں۔ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جوائنٹ آپریشنز کے تحت گرفتاریوں اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے اس امر کا اعتراف کیا کہ تھریٹس موجود ہیں اور کراچی پاکستان کا ایک انتہائی اہم شہر ہے، جو نہ صرف تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز ہے بلکہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والی بندرگاہ بھی رکھتا ہے، جس کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
