پاک آئی ڈی کی کوئٹہ میں خدمات کا آغاز، افتتاحی تقریب منعقد

n01253704-b.jpg

سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالرؤف بلوچ نے آن لائن پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کی سرٹیفکیٹ (سی آر ایم ایس) پاک آئی ڈی موبائل موبائل ایپلیکیشن کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی ثناء اللہ قریش، ڈائریکٹر نادرا فیاض الرحمٰن، فوکل پرسن بی آر سید عباس آغا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی آر ایم ایس ضیاء الرحمٰن اور محکمہ بلدیات و دیہی ترقی اور نادرا کے افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بلوچستان میں شہری دوست ڈیجیٹل خدمات کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل عبور کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی آر ایم ایس موبائل ایپلیکیشن کا اجراء صوبے میں سول رجسٹریشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی عملی مثال ہے۔ سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالرؤف بلوچ نے بتایا کہ اس موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے شہری اب لوکل کونسل کے دفاتر کے چکر لگائے بغیر آن لائن پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق کے سرٹیفکیٹس حاصل کر سکیں گے، جس سے نہ صرف عوام کا قیمتی وقت بچے گا، بلکہ انہیں غیر ضروری مشکلات سے بھی نجات ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے سول رجسٹریشن خدمات میں شفافیت، سہولت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالرؤف بلوچ نے مزید کہا کہ اس ایپلیکیشن کے اجراء کے لیے نادرا اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے درمیان ایک ضمنی معاہدہ پہلے ہی طے پا چکا ہے، جس کے تحت دونوں ادارے قریبی رابطہ کاری اور مکمل تکنیکی معاونت کے ذریعے اس منصوبے کے ہموار نفاذ کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اس موبائل ایپلیکیشن کو ضلع کوئٹہ میں پائلٹ منصوبے کے طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے، اور پائلٹ مرحلے کے کامیاب نتائج کی روشنی میں اس سروس کو مرحلہ وار صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ آخر میں عبدالرؤف بلوچ نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت بلوچستان کے ڈیجیٹل گورننس کے فروغ اور عوام کو بہتر، تیز اور شفاف سرکاری خدمات کی فراہمی کے عزم کا واضح مظہر ہے، جس سے عام شہریوں کی زندگی میں آسانی پیدا ہوگی اور ادارہ جاتی نظام مزید مضبوط ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے