وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو فورسز کیخلاف اشتعال انگیزی پر قوم سے معافی مانگنی چاہئے، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان کی پرزور مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں کے بارے میں بے بنیاد اور حقائق سے منافی بیان ناقابل برداشت ہے، وطن کے امن کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے جری افسروں اور جوانوں کے بارے میں ایسا بیان کوئی محب وطن نہیں دے سکتا۔ محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ہرزہ سرائی کرکے ازلی دشمن کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے، فورسز کی لازوال قربانیوں کی پوری دنیا اور قوم معترف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں نے قیمتی جانیں قربان کرکے امن کی آبیاری کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اُس صوبے کے وزیراعلیٰ نے احسان فراموشی کی حدیں پار کی ہیں، جہاں سکیورٹی فورسز کے جوان سب سے زیادہ شہید ہوئے، کوئی بھی محب وطن ایسا بیان دینے کے بارے سوچ بھی نہیں سکتا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو سکیورٹی فورسز کے خلاف اشتعال انگیزی پر قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔
