ہر شہری اپنی استطاعت کے مطابق سیلاب زدگان کی مدد کرے، مولانا طارق جمیل

طارق-جمیل.jpg

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نے خطاب کیا۔ یہ تقریب ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں وکلاء اور بار کے عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مولانا طارق جمیل نے نشست میں علمی اور روحانی موضوعات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اخلاقی اقدار، انسانیت کی خدمت اور اسلامی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کی اصلاح کیلئے دیانت، عدل اور باہمی احترام بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا ملک سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہے، ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں، بستیوں کی بستیاں اُجڑ گئی ہیں، ایسے میں مخیر حضرات اپنے رب کی رضا کیلئے آگے بڑھیں اور متاثرین سیلاب کی مدد کریں۔

مولانا طارق جمیل نے کہا کہ عزت دار لوگ بھی متاثر ہوئے ہیں،جو کھلے آسمان تلے پڑے ہیں، خواتین، بچے آسمان کی طرف دیکھ رہے ہیں، ایسے میں ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ اپنی استطاعت کے مطابق متاثرین کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا قانون کے رکھوالے ہوتے ہیں، جہاں ناانصافی ہو، وکلا کا کردار روزِ اول سے اہم رہا ہے، مظلوم کی داد رسی کریں، اسے انصاف کی فراہمی میں کردار ادا کریں، یقیناً عدل اللہ کا پسندیدہ ترین عمل ہے، انصاف کی فراہمی اہم عبادت ہے۔ شرکاء نے مولانا طارق جمیل کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے وعظ و نصیحت سے دلوں کو سکون اور سوچ کو ایک نئی سمت ملی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے