ایکو سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیرِاعظم پاکستان کی صدرِ ایران سے ملاقات

ایکو سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیرِاعظم پاکستان کی صدرِ ایران سے ملاقات
🔻 وزیرِاعظم پاکستان نے آذربائیجان کے شہر خانکندی میں منعقدہ ایکو کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر سے ملاقات اور گفتگو کی۔
🔻 وزیرِاعظم ہاؤس پاکستان کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا، پچھلی ملاقاتوں میں طے پانے والے معاہدوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، اور تہران – اسلام آباد تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔
🔻 دونوں رہنماؤں نے صہیونی حکومت کی ایران کے خلاف بلاجواز جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیرِاعظم پاکستان نے صدر مسعود پزشکیان کی قیادت کی تعریف کی اور حالیہ بحران میں ایران کی جانب سے جنگ بندی کو قبول کرنے کے فیصلے کو سراہا۔
🔻 شہباز شریف نے ایران کی عوام اور حکومت سے پاکستان کی پائیدار یکجہتی پر زور دیا اور علاقائی امن کے قیام کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
🔻 صدر پزشکیان نے بھی پاکستان کی جانب سے ایران کی مضبوط حمایت، خاص طور پر حالیہ بحران کے دوران بین الاقوامی فورمز پر، کو سراہا اور تناؤ میں کمی لانے میں پاکستان کے مؤثر کردار کی قدر دانی کی۔
🔻 ملاقات کے اختتام پر وزیرِاعظم پاکستان نے رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران کے لیے مبارکباد، صحت و سلامتی اور کامیابی کی نیک تمناؤں کا پیغام صدر پزشکیان کو پہنچایا۔