بی جے پی ہندو مسلم کی سیاست کرکے ووٹ حاصل کرتی ہے، سنجے سنگھ

n01213985-b.jpg

عام آدمی پارٹی اِن دنوں ریاست اترپردیش میں اپنی ساخت مزید مضبوط کرنے کی سمت میں تیزی سے کام کر رہی ہے۔ پارٹی کے سینیئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے اترپردیش میں پریس کانفرنس کر کئی اہم مسائل پر بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ عام آدمی پارٹی لکھنؤ، پریاگ راج، میرٹھ اور فیروز آباد جیسے شہروں میں کارکنان کے ساتھ میٹنگ کرنے جا رہی ہے۔ آج بارہ بنکی میں ایودھیا کی میٹنگ ہو رہی ہے، جس میں کارکنان کے ساتھ پارٹی کی توسیع کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سنجے سنگھ نے پریس کانفرنس میں اترپردیش کی یوگی حکومت پر بھی جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت نے ضلع پنچایت اور بلاک پرمکھ کے انتخابات عوام کے ذریعہ کرانے کی بات کہی تھی، اگر ایسا ہوتا ہے تو عام آدمی پارٹی اس کا استقبال کرے گی۔ انہوں نے بدایوں کے ضلع اسپتال میں کئی نوزائیدہ بچوں کی موت کا معاملہ بھی اٹھایا۔

سنجے سنگھ کے مطابق اسپتال میں مشینیں تو ہیں لیکن انہیں چلانے والا کوئی نہیں ہے۔ اس لاپرواہی کے لئے انہوں نے یوگی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ علاوہ ازیں انہوں نے سلطان پور میں بغیر نوٹس کے غریبوں کے گھروں کو منہدم کئے جانے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملہ کو ہائی کورٹ تک لے جائیں گے اور غریبوں کو انصاف دلائیں گے۔ سنجے سنگھ نے بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ "ہندو مسلم کی سیاست” کر کے ووٹ حاصل کرنا الگ بات ہے، لیکن عوام کے لئے کام کرنا دوسری بات ہے۔ بی جے پی حکومت کو عوام کے مسائل پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ انہوں نے دہلی میں اسکولوں کی فیس اور بس کرایے میں اضافہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے عام لوگ پریشان ہیں، لیکن دہلی کی ریکھا گپتا حکومت اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے