ہندوتوا تنظیمیں آر ایس ایس اور بی جے پی کشمیریوں کے خلاف نفرت بھڑکا رہی ہیں، روح اللہ مہدی

n01213071-b.jpg

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سرینگر سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا سید روح اللہ مہدی نے کہا ہے کہ ہندوتوا تنظیمیں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کشمیریوں کے خلاف نفرت بھڑکا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آغا سید روح اللہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیریوں کے خلاف نفرت اور دشمنی کے جذبات بھڑکانے پر ہندوتوا تنظیموں پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو دشمن کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دہرادون، نئی دلی اور چندی گڑھ میں کشمیریوں پر حملوں اور انہیں ہراساں کئے جانے کے حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کا مقصد کشمیریوں کو تنہا کرنا اور ایک خطرے کے طور پر پیش کرنا ہے۔ آغا روح اللہ نے کہا کہ ہندوتوا تنظیمیں کشمیریوں کے حقوق پر بھی حملہ آور ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں سرکاری ملازمین کی حالیہ برطرفی پر قابض انتظامیہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے ان برطرفیوں کی وجوہات اور قانونی بنیاد پر سوال کیا۔ انہوں نے کہا کہ قابض حکام کو بتانا چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں اختیار کس کے پاس ہے اور یہ فیصلے کون کر رہا ہے۔ لداخ کی صورتحال کے بارے میں روح اللہ مہدی نے واضح کیا کہ کارگل کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ کارگل اور لہہ کے عوام کی اکثریت 2019ء سے پہلے کی حیثیت اور حقوق کی بحالی چاہتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے