کے پی حکومت نے ہمارے احتجاج کا راستہ روک کر اپنی کرپشن چھپانے کی کوشش کی، بلاول

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے ہمارے پُرامن احتجاج کا راستہ روک کر دراصل بدترین کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ خیبر پختونخوا میں لاقانونیت اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج کرنے والے پُرامن سیاسی کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ قابل افسوس ہے، ہم اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، کرپٹ اور نااہل صوبائی حکومت کا تعاقب جاری رکھیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نہتے سیاسی کارکنوں پر تشدد کرکے بزدلی کا ثبوت دیا، خیبر پختونخوا میں صوبہ بچاؤ تحریک آج صوبے کے ہر شہری کی آواز بن چکی ہے، ہم لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔ انہوں ںے مزید کہا کہ ہمارے کارکنان خیبر پختونخوا کی کرپٹ حکومت کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا اصل فاشسٹ چہرہ آج خیبر پختونخوا کے عوام نے دیکھ لیا۔