یمنی افواج کا بڑا حملہ

یمنی افواج کا امریکہ اور اسرائیل کے خلاف بڑا جوابی حملہ
صنعا/ریڈ سی – فوری رپورٹ
یمن کی مسلح افواج نے امریکی جنگی طیاروں کی جانب سے صنعا اور صعدہ پر کیے گئے حالیہ حملوں کے جواب میں امریکی بحریہ کے جہازوں اور فلسطین کے مغربی ساحل پر ایک اہم ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع کے تازہ بیان کے مطابق، یمن کی بحری، میزائل اور ڈرون فورسز نے بیلسٹک میزائلوں، کروز میزائلوں اور خودکش ڈرونز کی مدد سے امریکی طیارہ بردار جہاز "یو ایس ایس ہیری ٹرومین” اور دیگر امریکی بحری جہازوں پر حملہ کیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں امریکی بحریہ کا آٹھواں اسٹرائیک گروپ ریڈ سی میں اپنی سابقہ پوزیشن سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گیا۔
یہ یمنی افواج کا "یو ایس ایس ہیری ٹرومین” کے خلاف 30 واں حملہ اور اسرائیل، امریکہ اور برطانیہ سے وابستہ غیر قانونی بحری جہازوں پر مجموعی طور پر 210 واں حملہ شمار کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ، یمن کے ڈرون یونٹ نے عسقلان کے مقبوضہ علاقے میں ایک اہم ہدف پر ایک خودکش ڈرون "یافا” کے ذریعے حملہ کیا۔ یہ کارروائی یمنی افواج کی جانب سے اسرائیلی مقبوضہ علاقوں میں 102 ویں فضائی کارروائی ہے۔
یمنی عسکری ذرائع کے مطابق، یہ حملے امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے جاری حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں اور ان کا مقصد خطے میں غیر قانونی جارحیت کو روکنا ہے۔