آئی ایم ایف وفد ضروری ملاقاتوں اور اہم امور پر بریفنگ کے بعد پاکستان سے روانہ

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ ہوگیا۔آئی ایم ایف ٹیم کی سیکریٹری کابینہ ڈویژن کی سربراہی میں وزارتوں کے حکام سے ملاقات ہوئی اور مشن نے وزارت خزانہ، اقتصادی امور، تجارت، نجکاری کے نمائندوں سے ملاقات کی۔عالمی مالیاتی ادارے کی ٹیم نے کابینہ ڈویژن میں وزارتوں کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں مشن کی سفارشات پرگورننس اوراحتساب بہتربنانے کے لیے اقدامات پربات چیت ہوئی۔آئی ایم ایف وفد کی فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے حکام سے بھی ملاقات ہوئی جس دوران ایف ایم یوکی ورکنگ اور کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ آئی ایم ایف وفد کومشکوک مالی ترسیلات، پورٹنگ اور تحقیقات پربریف کیا گیا۔
علاوہ ازیں دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدامات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔آئی ایم ایف وفد نے دورے کے دوران آڈیٹر جنرل پاکستان سے بھی ملاقات کی۔ وفد نے ملاقات میں آڈیٹر جنرل آفس کے کام کے طریقہ کار سے متعلق معلومات لیں اور مشن نے آڈٹ سے متعلق پی اے سی کی ہدایات پرعملدرآمد بارے سوالات بھی اٹھائے۔آئی ایم ایف کے اس دورے کے دوران مالیاتی نگرانی اور احتساب کے عمل کو مزید شفاف بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ مشن کی سفارشات کی روشنی میں آئندہ کے لیے پالیسی فیصلے متوقع ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آئی ایم ایف کا وفد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملا تھا جبکہ وفد نے جمعے کو وکلا سے بھی ملاقات کی