خیبر پختونخوا حکومت کا جرگے سے اسسٹنٹ کمشنر پر حملے کے ملزمان کی حوالگی کا مطالبہ
خیبر پختونخوا حکومت نے امن جرگے سے اسسٹنٹ کمشنر پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد کی حوالگی کا مطالبہ کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے ضلع کرم میں قیام امن کے لیے قائم کیے گئے امن جرگے سے کہا ہے کہ وہ جمعہ کو اسسٹنٹ کمشنر سعید منان پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے۔رپورٹس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پرفائرنگ کامقصد کوہاٹ میں گرینڈ جرگے کی امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہے تاہم پے در پے واقعات کی روک تھام کے لیے فریقین نے حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امن معاہدے کےتحت فریقین اور امن کمیٹی نےقیام امن کی ضمانت دی ہے اور اسسٹنٹ کمشنرپرحملہ کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی اعادہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق معاہدے کے تحت فریقین شرپسندوں کےخلاف کارروائی میں حکومت کا ساتھ دیں گے، دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنرسعید منان بدستور زیرعلاج ہیں تاہم حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق معاہدے کے تحت فریقین کو اسلحہ جمع کرانا ہوگا اور اپنے بنکرز بھی گرانے ہوں گے۔ جمعہ کو بوشہرہ کے مقام پر فائرنگ کے واقعے میں اسسٹنٹ کمشنر زخمی ہو گئے تھے، جبکہ 3 پولیس اہلکار زخمی جبکہ ایک دم توڑ گیا تھا۔