پاکستان نے افغانستان کے داعش کو سپورٹ کرنے کے الزامات سختی سے مسترد کردیے

شفقت-وزارت-خارجہ.jpg

پاکستان نے داعش کے حوالے سے افغانستان کے الزامات مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان داعش کی معاونت نہیں کر رہا، پاکستان میں داعش کے کیمپس کی تردید کرتے ہیں۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ ہم افغانستان کی جانب سے پاکستان پر داعش کو سپورٹ کرنے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان داعش کی معاونت نہیں کر رہا، پاکستان میں داعش کے کیمپس کی تردید کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان انتظامیہ پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد کیمپوں کے خاتمے کے لیے زور ڈالتے ہیں۔واضح رہے کہ افغانستان میں برسراقتدار طالبان کی عبوری حکومت گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان پر داعش کی مدد کرنے کے الزامات عائد کرتی آئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شفقت علی خان نے واضح کیا کہ وزیر داخلہ کا دورہ واشنگٹن وزارت خارجہ کے توسط سے نہیں تھا، امریکی صدر کے حلف برداری کے موقع پر پاکستانی سفیر نے نمائندگی کی، اس سے پہلے بھی حلف برداری کے موقع پر پاکستانی سفیر ہی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ملک کو اجازت نہیں دیتا کہ وہ بتائے کہ پاکستان کے کسی ملک سے کیسے تعلقات ہوں گے، اسی طرح ہم بھی کسی ملک کے دیگر ممالک سے تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہماری انسداد منشیات کی کوششوں کا اعتراف عالمی سطح ہر کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے کسی بھی کوشش کے لیے تیار ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے