9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس: شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں پر فرد جرم عائد

news-1734769588-8698.jpg

لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے ایک اور مقدمے میں سابق وزیر داخلہ شاہ محمود قریشی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما یاسمین راشد اور صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظرعلی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ شادمان پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔خیال رہے کہ 12 دسمبر کو سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، سابق سینئر صوبائی وزیر میاں محمود الرشید، سینیٹر اعجاز چوہدری، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔خصوصی عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا۔

پس منظر

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔احتجاج کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے