شام میں نئی حکومتی ڈھانچے کی پرامن منتقلی کو یقینی بنایاجائے، پاکستان
سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہاکہ شام میں نئی حکومت کو اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہونی چاہئے۔ایک نئے حکومتی ڈھانچے کی پرامن منتقلی کو یقینی بنایاجائےسلامتی کونسل میں شام کی صورتحال پر بحث میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنے بیان میں کہاکہ اقتدار کی پرامن منتقلی شام کی وحدت اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنائے، ایک نئے حکومتی ڈھانچے کی پرامن منتقلی کو یقینی بنایا جائے جو جامع اور مستحکم ہو۔منیر اکرم نے کہا کہ آج شام اپنی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر ہے، حالیہ سیاسی پیش رفت معمولات کی بحالی، استحکام اور امن کے مواقع فراہم کرتی ہے، بیانات اور یقین دہانیوں کو پالیسیوں میں تبدیل اور عملی طور پر نافذ کیا جانا چاہئے۔
سلامی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب نے عبوری حکومت کے رہنماؤں اور نمائندوں کے مثبت بیانات اور یقین دہانیوں کا خیر مقدم کیا۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ شام میں اپوزیشن فورسز نے ملک کے بڑے شہروں پر قبضہ کرتے ہوئے سابق صدر بشار الاسد کو ملک سے فرار ہونے پر مجبور کر دیا تھا جس کے بعد 5 دہائیوں سے زائد عرصے تک شام پر حکومت کرنے والے الاسد خاندان کے اقتدار کا سورج غروب ہوا۔بشار الاسد اپنی فیملی کے ساتھ روس فرار ہو گئے تھے جہاں انہوں نے سیاسی پناہ لے لی ہے۔بشار الاسد حکومت کا تختہ الٹنے والی فورسز کے سربراہ اور ملک کے عبوری رہنما احمد الشرع کا کہنا تھا کہ شام میں انتخابات کے انعقاد میں 4 سال لگ سکتے ہیں۔