غزہ کے اسکولوں پر امریکی گولہ بارود سے بمباری
صیہونی حکومت نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے اسکولوں پر بمباری میں امریکی ساختہ گولہ بارود کا استعمال کیا ہے۔ اس بات کا انکشاف سی این این نے تازہ تحقیقی رپورٹ میں کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق، منگل کے روز خان یونس کے ان اسکولوں پر بمباری کے نتیجے میں جہاں بڑی تعداد میں فلسطینی پناہ گزین مقیم تھے، 30 سے زائد افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
سی این این نے اس سے قبل غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع نصیرات کیمپ میں ایک اسکول پر بمباری سے متعلق ویڈیوز کا جائزہ لیا تھا اور بتایا تھا کہ یہ حملہ بھی امریکی ساختہ گولہ بارود سے کیا گیا تھا جن میں 40 سے زائد فلسطینی مارے گئےتھے۔
منگل کے روز صیہونی حکومت نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس کے مشرق میں واقع ابسان قصبے میں العودہ اسکول پر حملہ کرکے ایک اور جرم کا ارتکاب کیا ہے اور اطلاعات کے مطابق اس حملے میں 30 سے زائد افراد شہید ہوئے ہیں۔ اس اسکول میں فلسطینی پناہ گزینوں رہائش فراہم کی گئی تھی۔