سعودی ولی عہد کا آئندہ دنوں میں دورہ پاکستان کا امکان
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا 18 مئی کے بعد دورہ پاکستان کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان کے دورے کے حوالے سے تاریخوں کو حتمی شکل دینے پر کام جاری ہے، البتہ یہ سعودی ولی عہد کا 2019 کے بعد پاکستان کا پہلا دو طرفہ دورہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے متعلق انتظامی امور کا خود نگرانی اور سعودی مہمان کی آمد تک کہیں بھی بیرون ملک نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ ذرائع نے مزید بتایا کہ سعودی ولی عہد اپنے بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے اور ان کے دورے سے متعلق حتمی تاریخ آئندہ ہفتے میں طے ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر سعودی سرمایہ کاروں کا وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا۔سعودی وفد میں 30سے زائد کمپنیوں کے سرمایہ کار شامل ہیں، وفاقی وزرا مصدق ملک اور جام کمال نے سعودی وفدکا استقبال کیا۔