رادھیکا مرچنٹ: انڈیا کے امیر ترین امبانی خاندان کی ہونے والی چھوٹی بہو کون ہیں؟

1f12e140-dab9-11ee-af91-6d77eae60cae.jpg

جب میں نے رادھیکا کو دیکھا تو میرا دل ایک لمحے کے لیے دھڑکنا بھول گیا تھا۔ میں سات سال پہلے اُن سے ملا تھا، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے یہ کل کی بات ہو۔ میں رادھیکا سے ملاقات کو اپنی 100 فیصد خوش قسمتی سمجھتا ہوں۔یہ بات مکیش امبانی کے بیٹے آننت امبانی نے جام نگر (گجرات) میں اپنی شادی سے قبل منعقد کی گئی اُس تقریب میں کہی جو اپنی چکا چوند کے باعث اُس وقت پوری دنیا میں زیرِ بحث ہے۔

شادی سے پہلے کی اس تین روزہ تقریب میں بل گیٹس، مارک زکربرگ، ریحانہ، ایوانکا ٹرمپ اور انڈیا کی مقبول شخصیات نے شرکت کی اور ان کی وائرل ویڈیوز اور تصاویر اِس وقت بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔انڈیا کے امیر ترین امبانی خاندان کے بارے میں تو یقیناً آپ بھی بہت جانتے ہوں گے لیکن آننت امبانی کی ہونے والی اہلیہ رادھیکا مرچنٹ کے حوالے سے اکثر افراد کے ذہنوں میں تجسس پایا جاتا ہے کہ وہ کون ہیں اور انڈیا کے کس خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔

رادھیکا جلد ہی انڈیا کے امیر ترین امبانی خاندان کی سب سے چھوٹی بہو بننے جا رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر آننت اور رادھیکا کی منگنی کے وقت بھی یہ بحث جاری تھی اور اس وقت بھی اکثر لوگوں کی جانب سے رادھیکا کو ’گولڈ ڈگر‘ کہا گیا اور آننت کو ’باڈی شیم‘ کیا گیا۔ تاہم اکثر لوگ یہ نہیں جانتے کہ رادھیکا مرچنٹ کون ہیں اور اننت امبانی صحت کی کن مشکلات سے دوچار رہے ہیں۔

رادھیکا مرچنٹ کون ہیں؟

رادھیکا مرچنٹ دوا ساز (فارماسوٹیکل) کمپنی ’انکور ہیلتھ کیئر‘ کے سی ای او ویرن مرچنٹ کی بیٹی ہیں۔ خیال رہے کہ ویرن مرچنٹ کے بارے میں عام معلومات دستیاب نہیں ہیں اور وہ عموماً اپنی ذاتی معلومات کی تشہیر نہیں کرتے ہیں لیکن انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق اُن کے اثاثوں کی کل مالیت 750 کروڑ انڈین روپے کے لگ بھگ ہے۔مرچنٹ خاندان کو انڈیا میں فارماسوٹیکل انڈسٹری میں ایک بڑی کمپنی تصور کیا جاتا ہے۔

گذشتہ کئی برسوں سے آننت اور رادھیکا کی نسبت طے ہے۔ اننت 28 سال کے ہیں جبکہ رادھیکا 29 برس کی ہیں۔ رادھیکا نے مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی اور بڑے بیٹے آکاش امبانی دونوں کی شادیوں میں بھی شرکت کی تھی۔رادھیکا مرچنٹ کا تعلق گجرات سے ہے لیکن وہ کئی برسوں سے ممبئی میں رہائش پزیر ہیں۔ انھوں نے ممبئی کے معروف سکول کیتھڈرل اینڈ کینن سکول کے ساتھ ساھ ایکول مونڈیالے ورلڈ سکول سے بھی تعلیم حاصل کی ہے۔

ممبئی سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد رادھیکا نے مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکی شہر نیویارک کا رُخ کیا۔ انھوں نے نیو یارک یونیورسٹی سے سیاست اور معاشیات میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔رادھیکا اپنے والد کی کمپنی انکور ہیلتھ کيئر کے بورڈ ممبرز میں بھی شامل ہیں۔ بزنس کے علاوہ رادھیکا کو جانوروں کے فلاحی پروگرامز میں کافی دلچسپی ہے۔

ان سب کے علاوہ وہ باضابطہ طور پر بھرت ناٹیم (ایک قسم کا رقص) ڈانسر ہیں اور انھوں نے اس کی تعلیم گورو بھاونا ٹھکر سے شری نبھا آرٹس میں حاصل کی ہے۔رادھیکا کے لنکڈ ان پروفائل کے مطابق وہ کاروبار کے علاوہ شہری حقوق، اقتصادیات، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں دلچسپی رکھتی ہیں۔دسمبر 2022 میں آننت اور رادھیکا کی راجستھان کے سری ناتھ جی مندر میں منگنی ہوئی تھی۔

اننت امبانی کون ہیں؟

بزنس سٹینڈرڈ کی رپورٹ کے مطابق اننت امبانی 10 اپریل 1995 میں ممبئی میں انڈیا کے امیر ترین گھرانے میں پیدا ہوئے۔ وہ ریلائنس انڈسٹریز کے وارثوں میں سے ایک ہیں۔ ان کے ایک بڑا بھائی اور ایک بہن ہیں۔اننت نے رہوڈ آئی لینڈ میں براؤن یونیورسٹی سے گریجویشن کی ہے۔ وہ اب تک زیادہ تر آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینز کے انتظامات چلانے میں مشغول رہے ہیں اور اپنی والدہ نیتا امبانی کے ساتھ سماجی اور فلاحی کاموں میں شرکت کرتے رہے ہیں۔

ان کے ساتھ وزن کا مسئلہ ایک عرصے سے رہا ہے اور انھوں نے اس پر قابو پانے کے لیے سنہ 2016 میں اپنا وزن 108 کلو تک کم کیا تھا اور اس حوالے سے اپنے انسٹاگرام پر تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔ان کی والدہ نیتا نے ٹائمز آف انڈیا کے ساتھ 2017 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ اننت کو دمے کا مرض رہا ہے اور اس کے لیے انھیں سٹیرائڈز دینے پڑے تھے جس کے ضمنی اثرات اُن کے موٹاپے کی وجہ ہیں۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے