نریندر مودی نے ابوظبی میں پہلے ہندو مندر کا افتتاح کر دیا

342796-2104981056.jpg

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو ابوظبی میں پہلے ہندو مندر کا افتتاح کر دیا ہے۔ 27 ایکٹر پر بننے والے بی اے پی ایس ہندو مندر ابوظبی کو دبئی سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر واقع ہے جس کی تعمیر راجستھان کے گلابی پتھر کے 25,000 سے زائد ٹکڑوں سے کی گئی ہے، اور سفید اطالوی سنگ مرمر کو انڈیا میں تراشنے کے بعد متحدہ عرب امارات لایا گیا ہے۔

نریندر مودی اس مندر میں مذہبی رسومات ادا کرنے کے لیے بدھ کی دوپہر مندر کے پنڈتوں کے ہمراہ پہنچے۔اس موقع پر بالی وڈ اداکار اکشے کمار اور گلوکار شنکر مہادیون سمیت دیگر ستارے اور متحدہ عرب امارات میں مقیم انڈین برادری کے ارکان افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔دبئی میں پہلے سے ہی تین ہندو مندر موجود ہیں تاہم بی اے پی ایس کا یہ مندر مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑا ہندو مندر ہو گا۔اس مندر کو ہندو تنظیم نے بنایا تھا جس کا صدر دفتر نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں واقع ہے۔

متحدہ عرب امارات میں 2016 سے 2019 تک بطورانڈین سفیر خدمات سرانجام دینے والے نودیپ سوری نے بتایا کہ ’مندر کا افتتاح مودی کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ انڈیا کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔‘
نودیپ سوری کا کہنا ہے کہ ’اگست 2015 میں انہوں (نریندر مودی) نے خلیجی ملک کا پہلا دورہ کیا تھا جو کہ 1981 میں اندرا گاندھی کے بعد کسی انڈین وزیر اعظم کا متحدہ عرب امارات کا پہلا دورہ تھا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ’نریندر مودی نے اس موقع پر ایک ہندو مندر کے لیے زمین مختص کرنے کی درخواست کی جو متحدہ عرب امارات میں 35 لاکھ انڈین کمیونٹی کے ایک بڑے حصے کی دیرینہ مذہبی اور روحانی ضروریات پورا کر سکے۔‘جس کے بعد متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے یہ زمین عطیہ کی گئی تھی اور مندر کا سنگ بنیاد 2019 میں رکھا گیا تھا۔متحدہ عرب امارات میں 1950 کی دہائی میں دبئی میں پہلے ہندو مندر کا افتتاح ہوا تھا جس کے بعد کئی اور مندر تعمیر کیے گئے تاہم ابوظبی میں یہ پہلا مندر ہے جو روایتی تکنیک کو بروئے کار لا کر بنایا گیا ہے۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے