نوازشریف کا پی پی، ایم کیوایم اور جے یو آئی کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنانے کا اعلان

2602844-nawazsharif-1707490246-279-640x480.jpg

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم سب پارٹیوں، فرد واحد اور آزاد امیدواروں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، اور انہیں دعوت دیتے ہیں کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمارے ساتھ مل کر حکومت بنائیں۔ بطور جماعت وفاق اور پنجاب میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے بعد ماڈل ٹاؤن سیکریٹریٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب آپ کو مبارکباد کہتے ہیں، ان انتخابات میں ن لیگ سب سے بڑی جماعت بن کے ابھری ہے۔نوازشریف نے کہا کہ آج ہمیں جو مینڈیٹ ملا ہے ضروری ہے کہ دوسری پارٹیاں آئیں اور مل کر ایک حکومت قائم کریں اور پاکستان کو اس بھنورسے نکالیں، ہم اس بات کے متحمل نہیں ہوسکتے کہ بار باراس ملک میں انتخابات کروائیں۔انہوں نے کہا کہ بہت اچھا ہوتا کہ ہمیں پورا مینڈیٹ ملتا اور ہم اکثریتی پارٹی بنتے اور حکومت بناتے، مگر چونکہ اب ہمارے پاس اتنی اکثریت نہیں ہے کہ ہم اپنے طورپرحکومت بناسکیں تو اس لیے ہم اس الیکشن میں کامیاب ہونے والی اپنی اتحادی جماعتوں کو دعوت دیں گے کہ وہ ہمارے ساتھ شراکت کریں اور ہمارے ساتھ مل کر حکومت بنائیں۔نوازشریف نے کہا کہ میں نے شہباز شریف کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ اس سلسلے میں آج ہی یشرفت کرتے ہوئے آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور ایم کیوایم سے ملاقات کریں اور بتائیں کہ حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہم سب مل کرملک کی کشتی کو بھنور سے نکالیں۔قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف ایک خوشحال پاکستان ہے، جو ہم نے پہلے بھی کرکے دکھایا ہے۔قائد ن لیگ نے کہا کہ ملکی استحکام کے لیے کم از کم 10 سال چاہیئں اور جو لوگ لڑائی کے موڈ میں ہیں ہم ان سے لڑنا نہیں چاہتے، پاکستان اس وقت لڑائی افورڈ نہیں کرسکتا، ہم سب کو مل جل کر بیٹھنا ہوگا۔نوازشریف نے اپنے فاتح امیدواروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سیاست عبادت سمجھ کر کریں اور عوام کی مشکلات کے حل کے لیے کام کریں۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے