ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے سربراہ آمنے سامنے؛ ’’مناظرے اور معائنے کیلیے تیار ہوں‘‘

33.jpg

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے (انتخابی) مناظرہ سے متعلق شہباز شریف کے بیان پر کہا ہے کہ ’’میں مناظرے اور معائنے کے لئے تیار ہوں، میاں نواز شریف مجھ سے خیرپور گمبٹ میں مناظرہ کرلیں جہاں کا اسپتال پنجاب کے کسی بھی اسپتال سے بہتر ہے اور یہاں علاج بالکل مفت ہے‘‘۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر دو بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہ آمنے سامنے آگئے ہیں۔ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی مہم کے دوران ن لیگ کے قائد نواز شریف کو مناظرہ کا چیلنج دیا تھا جس پر شہباز شریف نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ ’’کل ایک صاحب نے نواز شریف کو مناظرے کی دعوت دی۔ وہ نواز شریف کو مناظرے کے بجائے سندھ کے معائنے کی دعوت دیتے تو اچھا تھا، مناظرہ بھی ہو جاتا اور موازنہ بھی‘‘۔
جس پر بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میاں صاحب نے تین بار وزیراعظم بننے کے باوجود بھی گمبٹ کا دورہ نہیں کیا یا وہ تھرپارکر آجائیں، وہاں کے انفرااسٹرکچر کا معائنہ بھی ہوجائے گا اور چولستان سے تھر کا موازنہ بھی ہوجائے گا‘‘۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ’’تھر میں کوئلے کا منصوبہ جس کے آپ اور آپ کے بھائی مخالفت کرتے تھے، کراچی نہیں بلکہ فیصل آباد کو سستی بجلی فراہم کررہا ہے، میاں صاحب کراچی کے این آئی سی وی ڈی کے باہر مباحثہ کرلیں جہاں گزشتہ برس پنجاب کے 84 ہزار سے زائد افراد کا علاج ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کے اسپتالوں میں ایسی سہولیات موجود نہیں ہیں‘‘۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’’راہ فرار اختیار نہ کریں، براہ کرم بتائیں کہ کس شہر میں اور کس تاریخ کو آپ کے بھائی نے مباحثہ کرنا ہے‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے