ذہنی غلامی نے پاکستان کو کشمیریوں اور فلسطینیوں کی نظر میں مشکوک بنا دیا ہے، لیاقت بلوچ
نائب امیر و امیدوار جماعت اسلامی حلقہ این اے 128 و 123 لیاقت بلوچ نے کہا کہ سابقہ حکمران جماعتیں اپنے پہلے بیان کردہ منشور، بیانیوں اور حکومتی کارکردگی دکھانے کی بجائے نوراکشتی، جھوٹے پروپیگنڈہ، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑانے کا مکروہ کھیل کھیل رہی ہیں، ماضی کے ناکام، نااہل، کرپٹ حکمران سیاسی جھتے ملک وملت پر بوجھ بن گئے ہیں، فوجی سول اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اقتدار کے لالچی، آئین، جمہوری، سیاسی اقدار پامال کرنے والی حکمران جماعتیں ملکی تباہی کے برابر ذمہ دار ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیری اور غزہ کے مظلوم فلسطینی پاکستان سے جراتمندانہ موقف اور اقدامات کے منتظر ہیں، لیکن بزدل حکمرانوں نے سودے بازی، ذہنی غلامی سے پاکستان کو کشمیریوں اور فلسطینیوں کی نظر میں مشکوک بنادیا ہے، یہ ھماری خارجہ پالیسی کی بڑی ناکامی ہے کہ آج افغانستان اور ایران سے بھی تعلقات کشیدہ ہیں۔ مستحکم پاکستان اور اہل قیادت ہی عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بحال کرسکتی ہے۔