49 غیر ملکی صحافیوں اور مبصرین کو انتخابات کے لیے ویزے جاری: وزیر اطلاعات
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مبصرین اور صحافی آئندہ ماہ کی آٹھ تاریخ کو ہونے والے عام انتخابات کی نگرانی اور کوریج کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے جن میں سے 49 کو ویزے جاری کیے جا چکے ہیں اور باقی پر کارروائی جاری ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں سیکریٹری اطلاعات شہیرہ شاہد، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مبصرین اور غیرملکی صحافیوں کو 49 ویزے جاری کیے گئے ہیں جبکہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو موصول ہونے والی 24 درخواستیں ویزا کے لیے زیرِ غور ہیں۔
درخواستوں پر کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’غیر ملکی صحافیوں کو اب تک 49 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں جب کہ 32 پر کارروائی جاری ہے۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مختلف غیر ملکی میڈیا اداروں سے مجموعی طور پر 175 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
مرتضی سولنگی نے بتایا کہ سی این این، بی بی سی، ڈی ڈبلیو اور جاپان کے متعدد بین الاقوامی میڈیا ادارے پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں اور وہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ہونے والے انتخابات کی کوریج کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ غیر ملکی مبصرین کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں پر بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے 25، روس سے آٹھ، جاپان سے 13، کینیڈا سے پانچ، جنوبی افریقہ سے دو اور دولت مشترکہ سے پانچ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ بین الاقوامی صحافیوں اور مبصرین کو تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں انتخابی عمل کی نگرانی اور کوریج کے لیے اجازت نامے دیے جا رہے ہیں۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ’اگر کوئی غیر ملکی صحافی کسی دوسرے شہر کا دورہ کرنا چاہتا ہے تو اس کے کیس پر کیس کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مقامی صحافیوں کو عام انتخابات کی کوریج کے لیے ایکریڈیشن کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں اور ملک بھر میں اب تک چھ ہزار 65 ایکریڈیشن کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے شہر کے حساب سے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور میں 1200، کراچی میں 1470، پشاور میں 1050، کوئٹہ میں 600، حیدرآباد میں 355 اور فیصل آباد میں 290 کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور ہم غیر ملکی صحافیوں اور مبصرین کو بھی تحفظ فراہم کریں گے۔
ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جنرل ای پی ونگ عنبرین جان نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہمیں 14 ممالک سے ان کے صحافیوں اور مبصرین کو انتخابات کی کوریج کی اجازت دینے کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے غیر ملکی صحافیوں اور مبصرین کے لیے ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا ہے۔
ایگزیکٹیو ڈی جی ای پی ونگ نے کہا کہ پریس انفارمیشن آفیسر کے دفتر میں ایک میڈیا سیل قائم کیا جائے گا جہاں غیر ملکی مبصرین اور صحافیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی جن نقل و حرکت کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جایے گی۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ کے اجرا کے لیے ای پی ونگ میں ایک سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔