نوازشریف چوتھی بار وزیراعطم بنے تو پی ٹی آئی سے انتقام لیں گے، بلاول بھٹو

301.jpg

چنیوٹ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست تشدد کی سیاست ہے، وہ اگر چوتھی بار وزیراعظم بنا تو پی ٹی آئی کارکنوں سے بدترین انتقام لے گا۔
چنیوٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ تاریخ میں یہ حالات نہیں دیکھے ، ایک طرف معاشی بحران ہے تو دوسری طرف ہمارے پورے معاشرے میں ایک بحران پیدا کیا گیا ہے، اس لیے کہ پرانے سیاستداں عوام کی خدمت کے بجائے انتقام لینے کے لیے سیاست کررہے ہیں، اور اس کا نقصان ملک، عوام اور معیشت کو ہورہا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ ہمارے کاموں کا اس شخص سے موازنہ کریں جو چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہ رہا ہے، چوتھی بار وزیراعظم بننے کی خواہش رکھنے والے سے پوچھیں کہ اپنے پچھلے ادوار میں تعلیم اور صحت کے لیے کیا کام کیا۔
بلاول بھٹو نے میاں نواز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چوتھی بار بھی وہی کام کرنا ہے، انہی سے لڑنا ہے جو انہیں لے کر آتے ہیں، پھر آپ کےسامنے آکر انہوں نے رونا دھونا شروع کرنا ہے کہ مجھے کیوں بلایا، مجھے کیوں نکالا۔ انہیں چوتھی بار کرسی پر بیٹھنے اور ہمیں عوام کی فکر ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری اورغربت کی فکر ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم سب مل کر چوتھی بار وزیراعظم بنانے کی سازش کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب اگر چوتھی بار وزیراعظم بنے تو پی ٹی آئی کے کارکنوں سے جو انتقام لیں گے اس کا انہیں اندازہ نہیں ہے۔ ان کی سیاست تشدد اور انتقام کی سیاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس لیے الیکشن لڑ رہا ہوں کہ میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے عوام کا ساتھ چاہیے تاکہ ہم پرانے سیاست دانوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیں، ہم ایک نئی سیاست لانا چاہتے ہیں، اختلاف رائے ہوسکتا ہے مگر ہم سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کرسکتے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اگر ہمیں موقع ملا تو انتقامی سیاست کے بجائے عوام کے مسائل پر توجہ دیں گے، بہنوں بیٹیوں کو گرفتار کرنا نہ ہماری ثقافت کا حصہ ہے اور نہ ہی یہ ہماری سیاست کا حصہ ہوگا، ہم اپنے دس نکاتی معاشی منشور پر عمل درآمد کرکے غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کریں گے۔ عوام کی آمدن کو دگنا کریں گے اور مستحق لوگوں کو 300 یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سندھ کے سیلاب زدگان کے لیے 20 لاکھ گھر بنارہے ہیں، موقع ملا تو پاکستان میں 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے اور ان کے مالکانہ حقوق خواتین کے نام ہوں گے، تمام کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے اور وہاں کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ملنےو الی رقم میں اضافہ کریں گے، خواتین کو بلاسود قرضے بھی فراہم کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کی امداد کے لیے بے نظیر کسان کارڈ بنائیں گے، وفاقی حکومت اشرافیہ کو 1500 ارب روپے سبسڈی دیتی ہے، کسان کارڈ کے ذریعے اشرافیہ سے لے کر چھوٹے کسانوں کی مالی مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کے لیے یوتھ کارڈ لائیں گے تاکہ برسرروزگار ہونےتک ان کی مالی مدد کی جاسکے۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے