آر اوز پر الیکشن ٹربیونل ججز شدید برہم، پی ٹی آئی امیدوار کے کاغذات نامزدگی منظور

120.jpg

اسلام آباد: الیکشن ٹربیونل کے ججز نے ریٹرننگ افسران (آر اوز) پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
عمیر نیازی کے کاغذات منظور
ریٹرننگ افسران کے کاغذات مسترد کرنے کے فیصلوں کو پہلا جھٹکا لگ گیا۔
الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے عمیر خان نیازی ایڈووکیٹ کے این 89 اور 90 میانوالی سے کاغذات منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور اسے عمیر نیازی کا نام امیدواروں کی فہرست میں شامل کرکے انتخابی نشان الاٹ کرنیکا حکم دیا۔
فاضل جج نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی آر اوز نے چھوٹی چھوٹی باتوں پر کاغذات کیوں مسترد کئے۔
کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلوں کی مصدقہ نقول فراہم نہ کرنے پر ججز نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی قانون اور آئین پر چلنے کے بجائے روڑے اٹکا رہا ہے، اسسٹنٹ کمشنر آر او غیر آئینی کام کرے گا تو کیا بنے گا، کاغذات مسترد کئے تو نقول کیوں نہیں دیں؟
الیکشن ٹربیونل ہائی کورٹ جج جسٹس مرزا وقاص رؤف نے بھی آر او کے پیش نہ ہونے اور سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کو فیصلے کی نقول فراہمی سے انکار پر برہمی کا اظہار کیا۔
الیکشن کمیشن کو جواب جمع کرانے کا حکم
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبونل جج جسٹس ارباب محمد طاہر نے شعیب شاہین ، نیاز اللہ نیازی ، سید ظفر علی شاہ سمیت اب تک دائر کی گئی تمام درخواستوں کو یکجا کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تمام درخواستوں پر جمعہ تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ جن کے بلز یا کوئی بھی بھی واجبات تھے آر او ان ادائیگیوں کیلئے وقت دینے کا مجاز تھا، اختیار ہونے کے باوجود اعتراضات دور کرنے کیلئے آر او نے وقت کیوں نہیں دیا؟

ریٹرننگ افسر کو نوٹس
ادھر لاہور ہائیکورٹ میں اپیلیٹ ٹریبونل کے جج راحیل کامران نے نعیم پنجوتہ کے سرگودھا سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت میں ریٹرننگ افسر سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے